عدالت نے ایف آئی اے کو شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو گرفتار کرنے سے روک دیا 

عدالت نے ایف آئی اے کو شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو گرفتار کرنے سے روک دیا 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور کی عدالت نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر ، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کو 2 اگست تک گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق لاہور کی عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف کی ایف آئی اے کے مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی گزشتہ سماعت کا فیصلہ جاری کیا ہے اور ڈیوٹی جج سید علی عباس نے ایف آئی اے کو شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 2 اگست تک گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔ 
عدالت کے جاری کئے گئے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ تفتیشی افسر کے مطابق شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے تفتیش جوائن کر لی ہے تاہم دونوں ملزمان کے خلاف تحقیقات ابھی مکمل نہیں ہوئی ہیں۔ عدالت کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے تحریری جواب ایف آئی اے میں جمع کرا دیا ہے۔
فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کے وکیل نے انصاف کی بنیاد پر مبنی تحقیقات کرنے کی استدعا کی ہے، تفتیشی افسر کو ہدایت کی جاتی ہے کہ آئندہ سماعت تک مقدمے کی تفتیش مکمل کریں، عدالت نے فریقین کے وکلاءکو ضمانت پر دلائل دینے کیلئے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔