Get Alerts

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے 90 دن کا الٹی میٹم دیدیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے 90 دن کا الٹی میٹم دیدیا

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے وفاقی حکومت کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے 90 دن کا الٹی میٹم دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر عمران خان کو رہا نہ کیا گیا تو وہ یا تو منزل حاصل کریں گے یا سیاست چھوڑ دیں گے۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اگر ہمارے ارکانِ اسمبلی کو غیر فعال رکھا گیا تو ہم بھی ان کے اپوزیشن اراکین کو اسمبلیوں سے نکال دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے ارکان کو معطل کرنا کھلی لاقانونیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مینڈیٹ کئی بار چوری کیا گیا، 2013 میں بھی اور 2018 میں بھی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا مقصد صرف سیاست نہیں بلکہ ملک کی درستگی ہے۔ بقول اُن کے، عمران خان مذاکرات کے لیے تیار ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ اگر کسی نے ان پر سازش کا الزام ثابت کر دیا تو وہ ہر سزا قبول کریں گے۔

علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ اگر حکومت ناانصافی کرے گی تو ردعمل بھی اسی انداز کا ہوگا۔ "ہمارا لیڈر بے گناہ جیل میں ہے، اس پر کوئی جرم ثابت نہیں ہوا"۔

انہوں نے مولانا فضل الرحمان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مولانا جعلی مینڈیٹ کے ساتھ اسمبلی میں بیٹھے ہیں، عوام نے انہیں مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا کو اپنے اندر تبدیلی لانے کی ضرورت ہے کیونکہ انہوں نے عوام کو گمراہ کیا۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ لاہور میں جلسہ کرنا ہمارا آئینی حق ہے، اگر حکومت نے اجازت دی تو شکریہ ادا کریں گے، اور جلسے کے بعد "تحفہ" بھی دیا جائے گا۔ تاہم اگر خیبرپختونخوا کا پنجاب سے موازنہ کیا گیا تو یہ زیادتی ہوگی۔

ٹیگز: