Get Alerts

پنجاب حکومت کا اہم اقدام، لاہور میں فضائی حادثات کی روک تھام کے لیے نو برڈ زونز کے قیام کا فیصلہ

 پنجاب حکومت کا اہم اقدام، لاہور میں فضائی حادثات کی روک تھام کے لیے نو برڈ زونز کے قیام کا فیصلہ

لاہور:  پنجاب حکومت نے لاہور کے ہوائی اڈوں کے اطراف فضائی حادثات کے خطرات کو کم کرنے کے لیے بڑا اقدام اٹھا لیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن، وائلڈ لائف، اور انوائرمنٹ پروٹیکشن اتھارٹی کو متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ طیاروں سے پرندوں کے ٹکراؤ کے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔

حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ لاہور کے مختلف علاقوں کو "نو برڈ زون" قرار دینے کے لیے رنگ فینسنگ اور فضائی حفاظتی حصار قائم کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے تحت ایئرپورٹس کے قریب موجود غیر قانونی مذبحہ خانے اور پولٹری فارمز فوری طور پر ختم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایسے کاروبار جن سے پرندے جمع ہونے کا خدشہ ہو  جیسا کہ بیکریوں کا غیر مناسب طریقے سے پھینکا جانے والا کچرا ان پر سختی سے پابندی عائد کی جائے گی۔ متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فضلے کو محفوظ انداز میں ٹھکانے لگانے کے قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اس اقدام کو انسانی زندگیوں کے تحفظ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا، "یہ اقدامات فضائی سفر کو محفوظ بنانے اور سینکڑوں قیمتی جانوں کو بچانے کے لیے ناگزیر ہیں۔ فضائی حفاظتی حصار سے طیاروں کے پرندوں سے ٹکراؤ اور اس کے نتیجے میں ہونے والے حادثات میں نمایاں کمی آئے گی۔"

حکومت نے واضح کیا ہے کہ ماحولیاتی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے تمام یونٹس  بشمول پولٹری فارمز، بیکریاں، اور مذبحہ خانے  کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ٹیگز: