Get Alerts

آبنائے ہرمز کا کنٹرول سنبھالیں گے، معاوضہ بھی وصول کریں گے: ٹرمپ

آبنائے ہرمز کا کنٹرول سنبھالیں گے، معاوضہ بھی وصول کریں گے: ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا مستقبل میں آبنائے ہرمز کا انتظام سنبھال سکتا ہے اور اس اہم بحری راستے کی نگرانی کے بدلے مالی معاوضہ بھی حاصل کرنا چاہیے۔

امریکی نشریاتی ادارے کو ٹیلی فونک انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے دعویٰ کیا، “ہم آبنائے ہرمز کا کنٹرول حاصل کر رہے ہیں، ہم اس کے محافظ ہوں گے اور اس ذمہ داری کے عوض ہمیں ادائیگی کی جانی چاہیے۔” انہوں نے مزید کہا، “ہم اسے محفوظ بنائیں گے اور اس کے بدلے ہمیں بہت زیادہ رقم ملنی چاہیے، کیونکہ دیگر ممالک بھی اس سے فائدہ اٹھاتے ہیں، ہم یہ کام مفت میں نہیں کریں گے۔”

آبنائے ہرمز دنیا بھر میں تیل کی ترسیل کا ایک نہایت اہم بحری راستہ ہے، جہاں بڑھتی ہوئی ایران امریکا کشیدگی نے عالمی توانائی منڈیوں کو بھی متاثر کیا ہے۔ ایران کی جانب سے اس گزرگاہ پر پابندیوں کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں اور مہنگائی کے خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔

امریکا، ایران پر آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکروں کو نشانہ بنانے کے الزامات عائد کرتا رہا ہے۔ جنگ بندی سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے باوجود واشنگٹن نے تہران پر کئی حملے کیے، جبکہ ایران نے اس کے جواب میں خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی ایک مرتبہ پھر شدت اختیار کر چکی ہے۔

گزشتہ ہفتے تہران نے "غیر مجاز ٹرانزٹ" کا جواز پیش کرتے ہوئے آبنائے ہرمز بند کرنے کا اعلان کیا تھا، جبکہ اتوار کو ایرانی حکام نے واضح کیا کہ گزرگاہ تاحال بند ہے اور صرف خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے بعد ہی جہازوں کو گزرنے کی اجازت دی جائے گی۔

ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران، عمان کے ساتھ مل کر محفوظ جہاز رانی کے لیے مشترکہ طریقہ کار پر کام کر رہا ہے، تاہم امریکا کی جانب سے عمان پر دباؤ کے باعث اس عمل میں رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں۔

ادھر پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بحری ٹریفک کی مکمل بحالی اسی صورت ممکن ہے جب امریکا اپنی فوجی مداخلت ختم کرے۔ ایرانی فورسز نے خبردار کیا کہ اگر امریکی مداخلت جاری رہی تو اس کے عالمی تیل اور گیس کی سپلائی پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
 
 
 

ٹیگز: