Get Alerts

پاکستان بچیوں کی تعلیم پر بھرپور سرمایہ کاری کر رہا ہے: اسحاق ڈار

پاکستان بچیوں کی تعلیم پر بھرپور سرمایہ کاری کر رہا ہے: اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان خواتین اور بچیوں کی ترقی کے لیے تعلیم، کاروباری مواقع، ڈیجیٹل مہارتوں اور معاشی خودمختاری کے شعبوں میں مسلسل سرمایہ کاری کر رہا ہے تاکہ وہ قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

اسلام آباد میں منعقدہ او آئی سی کی خواتین سے متعلق نویں وزارتی کانفرنس کے شرکاء کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل، سیکریٹریٹ اور مختلف رکن ممالک سے شریک خواتین مندوبین کی کاوشوں کو سراہا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ خواتین کو بااختیار بنانا صرف ایک طبقے کی فلاح نہیں بلکہ مضبوط، ترقی یافتہ اور مستحکم معاشرے کی بنیاد رکھنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے صدیوں قبل خواتین کے حقوق کا تعین کرتے ہوئے انہیں عزت، احترام اور مساوی مقام عطا کیا۔

انہوں نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ کی سیرتِ طیبہ خواتین کے حقوق، عزت اور احترام کا بہترین نمونہ ہے۔ اسلام خواتین کو تعلیم، جائیداد، وراثت، کاروبار اور معاشرتی معاملات میں بھرپور حصہ لینے کا حق دیتا ہے، جبکہ پاکستان کا آئین بھی قومی زندگی کے ہر شعبے میں خواتین کی مساوی شرکت کو یقینی بناتا ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان غزہ کی خواتین کے دکھ درد کو محسوس کرتا ہے، جہاں فلسطینی خواتین بدترین انسانی بحران اور مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں خواتین کے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بھی باعث تشویش ہیں اور پاکستان اس معاملے پر خاموش تماشائی نہیں بن سکتا۔

اسحاق ڈار نے افغانستان کی عبوری حکومت پر زور دیا کہ افغان خواتین اور بچیوں کو تعلیم، روزگار اور قومی معاملات میں فعال کردار ادا کرنے کے بنیادی حقوق فوری طور پر بحال کیے جائیں، کیونکہ یہ حقوق اسلامی تعلیمات سے مکمل ہم آہنگ ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون، انصاف و انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ او آئی سی وزارتی کانفرنس خواتین سے متعلق اہم امور پر مؤثر تبادلۂ خیال، مشترکہ حکمتِ عملی اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کا اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگی، جس سے اسلامی دنیا کے درمیان اتحاد، ہم آہنگی اور مشترکہ اقدار کو مزید تقویت ملے گی۔
 
 
 

ٹیگز: