کم ازکم تعلیمی قابلیت، جامعات میں لیکچررز کی تقرری کی آخری تاریخ30جون

کم ازکم تعلیمی قابلیت، جامعات میں لیکچررز کی تقرری کی آخری تاریخ30جون

اسلام آباد: جامعات میں لیکچررز کی تقرری کے لئے کم از کم قابلیت سے متعلق اعلٰی تعلیمی کمیشن کے فیصلے پر عمل درآمد کی حتمی تاریخ جون30، 2017قریب آچکی ہے۔ ایچ ای سی نے جامعات کو ہدایت کی تھی کہ لیکچررز کی تقرری کے لئے کم ازکم تعلیمی قابلیت میں اضافہ کے فیصلہ پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ فیصلے کے تحت اٹھارہ سالہ تعلیم کو لازمی قرار دیا گیا تھا۔

ایچ ای سی کی طرف سے وائس چانسلرزاور ریکٹرز کو ارسال کردہ مراسلے کے مطابق جامعات کو ہدایت کی گئی تھی کہ لیکچررز کی تقرری کے لئے ایم فل ، ایم ایس یا مساوی ڈگری یاغیرملکی یونیورسٹی سے ماسٹرز تک بڑھانے کے عمل کو 30جون 2017تک یقینی بنائیں۔ ایچ ای سی نے اُن جامعات کو سراہاہے جنہوں نے کمیشن کے متذکرہ فیصلے پر عمل درآمد کیا ہے اور انہیں ہدایت کی ہے کہ اس عمل کو جاری رکھا جائے۔علاوہ ازیں، ایچ ای سی جامعات کے اسسٹنٹ پروفیسرز کی کم از کم کوالیفیکیشن میںپی ایچ ڈی لیول تک اضافے کے حوالے سے بھی حتمی تاریخ میںیکم جنوری 2018تک توسیع کر چکا ہے۔