کراچی: مقامی اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد ملک بھر میں سونے کے زیورات خریدنا مزید مہنگا ہوگیا ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی قیمت میں 4,600 روپے فی تولہ اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 3,61,500 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 4,023 روپے اضافہ ہوا، اور نئی قیمت 3,10,007 روپے مقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں 46 ڈالر فی اونس اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد عالمی قیمت 3,417 ڈالر فی اونس ہوگئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی صورتحال، مہنگائی کا دباؤ اور سرمایہ کاروں کی سونے کی طرف بڑھتی دلچسپی اس اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔ مقامی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر اور درآمدی لاگت میں اضافے نے سونے کی قیمتوں کو مزید بلند کیا ہے۔