واشنگٹن/تہران: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کہا ہے کہ ایرانی حکومت کے ارکان کی امریکی فوج کے ہاتھوں ہلاکت ان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی فوجی اور اقتصادی طاقتیں تباہ ہو رہی ہیں اور ان کے رہنماوں کا نشان تک مٹایا جا رہا ہے۔
ٹرمپ نے ایران پر الزام لگایا کہ گزشتہ 47 برسوں میں وہ دنیا بھر میں بے گناہ افراد کو ہلاک کرتے آئے ہیں اور اب بطور صدر وہ اس کارروائی کو انجام دے رہے ہیں۔
دوسری طرف ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے پہلے آڈیو پیغام میں کہا کہ ایرانی شہدا کا بدلہ لیا جائے گا اور دشمن کو ایرانی عوام کے خون کا حساب دینا پڑے گا۔ انہوں نے خطے میں امریکی اڈے بند کرنے اور آبنائے ہرمز کو بند رکھنے کی وارننگ بھی دی۔
خامنہ ای نے مزید کہا کہ ایرانی فورسز دشمن کو قابو پانے نہیں دے رہی اور دشمن جھوٹ کا سہارا لے رہا ہے، لیکن عوامی یکجہتی کے ساتھ دشمن کو شکست دی جائے گی۔