Get Alerts

لکی مروت میں پولیس وین پر دہشت گرد حملہ: ایس ایچ او سمیت 7 اہلکار شہید

لکی مروت میں پولیس وین پر دہشت گرد حملہ: ایس ایچ او سمیت 7 اہلکار شہید

لکی مروت: خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دہشت گردوں نے پولیس کی گاڑی کو آئی ای ڈی (IED) دھماکے کا نشانہ بنایا ہے، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 7 اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکا اتنا شدید تھا کہ پولیس کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
ڈی پی او لکی مروت کے مطابق، اس بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والے جری جوانوں میں درج ذیل اہلکار شامل ہیں۔    ایس ایچ او (موقع پر شہید)،    ڈرائیور: شاہ بہرام،    کانسٹیبل: شاہ خالد،    اہلکار: حاجی محمد گل زادہ،    اہلکار: سخی زادہ،    کانسٹیبل: انصاف الدین (زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیے گئے مگر جانبر نہ ہو سکے)۔
واقعے کے فوری بعد سکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ دہشت گردوں کی تلاش کے لیے قریبی پہاڑی سلسلوں اور آبادیوں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ حملے کے ماسٹر مائنڈز کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جا سکے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لکی مروت میں پولیس اہلکاروں پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا پولیس کے جوانوں نے ملک کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ دہشت گردوں کی ایسی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

ٹیگز: