اسلام آباد : وزیراعظم پاکستان نے خطے کی موجودہ کشیدہ صورتحال اور عالمی معیشت پر بڑھتے ہوئے دباؤ کے باوجود عوام کے لیے بڑے ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ حکومت اپنے وعدے کے مطابق ان مشکل حالات میں بھی عوام تک ہر ممکن ریلیف پہنچانے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ "ان کٹھن حالات میں جس قدر بھی ممکن ہو سکا، ہم عوام پر بوجھ نہیں ڈالیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خطے میں (ایران اور امریکہ کے درمیان) جاری کشیدگی کی وجہ سے عالمی معیشت اس وقت شدید دباؤ کا شکار ہے، جس کے اثرات پاکستان کی معیشت پر مرتب ہونے کا قوی خدشہ ہے۔اس بحران سے نمٹنے کے لیے حکومت نے بروقت پالیسی سازی، مالی نظم و ضبط اور بچت کے اقدامات کو ترجیح دی ہے۔ وزیراعظم کے مطابق ان اقدامات کی بدولت اس صورتحال سے انسانی حد تک احسن طریقے سے نمٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے بچت کے اقدامات میں تمام صوبائی حکومتیں بھی بھرپور ساتھ دے رہی ہیں۔ وزیراعظم نے اس تعاون کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے قومی یکجہتی کی علامت قرار دیا ہے۔