Get Alerts

اداکارہ فرحانہ مقصود کا ہمایوں سعید کے ساتھ کام کا تجربہ ناخوشگوار قرار

اداکارہ فرحانہ مقصود کا ہمایوں سعید کے ساتھ کام کا تجربہ ناخوشگوار قرار

اسلام آباد: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی اداکارہ فرحانہ مقصود نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے معروف اداکار اور پروڈیوسر ہمایوں سعید کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربے کو مایوس کن قرار دیا ہے۔

اداکارہ نے انکشاف کیا کہ فلم میں ہوں شاہد آفریدی کی شوٹنگ کے دوران انہیں کئی مشکلات اور ناانصافی کا سامنا کرنا پڑا۔

فرحانہ مقصود کے مطابق جب انہیں اس پراجیکٹ کے لیے منتخب کیا گیا تو انہیں بتایا گیا تھا کہ یہ ایک ٹیلی فلم ہے، لیکن جب وہ شوٹنگ کے لیے سیٹ پر پہنچیں تو معلوم ہوا کہ دراصل اس پر ایک مکمل فیچر فلم بنائی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حقیقت سامنے آنے کے باوجود انہوں نے کام جاری رکھا کیونکہ وہ سمجھتی ہیں کہ فنکاروں کو ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہیے۔

اداکارہ نے مزید دعویٰ کیا کہ انہیں اس کام کا معاوضہ بھی ٹیلی فلم کے مطابق دیا گیا، حالانکہ پراجیکٹ ایک باقاعدہ فیچر فلم تھی، جس پر انہیں سخت حیرت اور افسوس ہوا۔

فرحانہ مقصود نے بتایا کہ فلم ریلیز ہونے کے بعد جب کاسٹ کی فہرست جاری کی گئی تو اس میں ان کا نام شامل نہیں تھا۔ ان کے مطابق نہ صرف انہیں فلم میں کریڈٹ نہیں دیا گیا بلکہ انہیں تشہیری تقریبات اور پریمیئر میں بھی مدعو نہیں کیا گیا، جسے وہ اپنے ساتھ ناانصافی قرار دیتی ہیں۔

ٹیگز: