غزہ : غزہ پر اسرائیل کے فضائی حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس کے نتیجے میں مزید 39 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق جبالیہ میں ایک اسکول پر بمباری کے دوران 17 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ المواصی کے علاقے میں واقع ایک عارضی خیمہ بستی پر حملے میں 3 فلسطینی شہید ہوئے۔
غزہ میں انسانی بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے، جہاں روزانہ درجنوں شہریوں کی جانیں جا رہی ہیں۔ شہداء میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، جب کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد میسر نہیں۔
دوسری جانب حماس نے جنگ بندی مذاکرات کی بحالی کی امید کے تحت ایک امریکی قیدی کو رہا کر دیا ہے۔ اس پیش رفت کو ایک مثبت اشارہ سمجھا جا رہا ہے، کیونکہ اسرائیلی وفد آج قطر روانہ ہو رہا ہے جہاں قیدیوں کے تبادلے اور جنگ بندی سے متعلق اہم بات چیت متوقع ہے۔