اسلام آباد : بھارت کی جانب سے حالیہ کشیدگی کے دوران رافیل طیاروں کے استعمال نے جہاں بھارتی فضائیہ کی حکمتِ عملی پر سوالات اٹھائے، وہیں اس کا براہِ راست اثر فرانسیسی کمپنی ڈاسو ایوی ایشن پر بھی پڑا ہے، جو یہ طیارے تیار کرتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق، ایک ہفتے کے اندر کمپنی کے شیئرز کی قیمت میں 9.5 فیصد کی کمی دیکھی گئی ہے، اور یہ 331 یورو سے کم ہو کر 299 یورو پر آ گئے ہیں۔ اس مالی گراوٹ نے سرمایہ کاروں میں بے چینی پیدا کر دی ہے، جس کا اثر کمپنی کے مالی استحکام پر بھی نظر آ رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ کشیدگی کے دوران رافیل طیاروں کی کارکردگی اور بھارتی فضائیہ کی ناقص منصوبہ بندی نے ان طیاروں کی افادیت کو مشکوک بنا دیا ہے۔
اس صورتحال نے نہ صرف بھارت میں بلکہ دیگر ممکنہ خریدار ممالک میں بھی تشویش پیدا کر دی ہے، جو رافیل طیاروں کی خریداری پر غور کر رہے تھے۔ اس کے برعکس، چینی طیارہ ساز کمپنی چینگڈو کے شیئرز میں اسی دوران نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، جو ایک مقابلتی فائدہ تصور کیا جا رہا ہے۔