Get Alerts

بھارت کا فرانس سے 114 رافیل طیاروں کی خریداری کا بڑا فیصلہ: 39 ارب ڈالرز کے دفاعی پیکیج کی منظوری

بھارت کا فرانس سے 114 رافیل طیاروں کی خریداری کا بڑا فیصلہ: 39 ارب ڈالرز کے دفاعی پیکیج کی منظوری

نئی دہلی:بھارتی حکومت نے اپنی فضائی دفاعی صلاحیتوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے فرانس سے 114 رافیل لڑاکا طیاروں کی خریداری کے طویل عرصے سے زیرِ التوا معاہدے کو باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ یہ اہم فیصلہ بھارتی وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ کی سربراہی میں ہونے والے 'ڈیفنس ایکوزیشن کونسل' (DAC) کے اجلاس میں کیا گیا۔
بھارتی وزارتِ دفاع کے مطابق، مسلح افواج کی مجموعی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے 39 ارب ڈالرز کے خطیر بجٹ کی منظوری دی گئی ہے۔ اس منصوبے کے تحت     بھارتی فضائیہ کے بیڑے میں 114 جدید رفال طیارے شامل کیے جائیں گے۔    فضائی نگرانی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے نئے سیٹلائٹ سسٹمز خریدے جائیں گے۔    فوج، بحریہ اور کوسٹ گارڈز کے لیے جدید میزائل سسٹم اور دیگر فوجی ساز و سامان فراہم کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس طرح کی خریداری کا منصوبہ تقریباً 13 سال قبل تیار کیا گیا تھا، تاہم مختلف وجوہات کی بنا پر اس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا تھا، جسے اب موجودہ حکومت نے حتمی شکل دے دی ہے۔فرانس کی معروف سیاستدان اور رکن پارلیمنٹ میرین لاپین نے اس فیصلے کو فرانسیسی دفاعی صنعت کی عالمی برتری کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ  یہ ڈیل اس بات کی توثیق ہے کہ 'ڈسالٹ' (Dassault) کا یہ منصوبہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والا برآمدی دفاعی پروگرام بن چکا ہے۔ یہ فیصلہ بھارت اور فرانس کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری اور باہمی اعتماد کے مضبوط رشتے کو مزید مستحکم کرے گا۔
بھارتی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ اس بڑے دفاعی سودے کا بنیادی مقصد سرحدوں پر نگرانی کے نظام کو موثر بنانا اور فضائی برتری حاصل کرنا ہے۔ ماہرینِ دفاع کے مطابق، 114 رافیل طیاروں کی شمولیت سے خطے میں بھارت کی عسکری طاقت میں نمایاں اضافہ ہوگا اور اس سے فرانسیسی ٹیکنالوجی پر بھارت کا انحصار مزید بڑھے گا۔

ٹیگز: