کیلیفورنیا: گوگل نے ایک نیا آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) ٹول "سمپل فائی" متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد انٹرنیٹ پر موجود مشکل اور تکنیکی زبان میں لکھے گئے مواد کو عام فہم انداز میں تبدیل کرنا ہے۔
گوگل کی جانب سے جاری کردہ ایک بلاگ پوسٹ کے مطابق، یہ نیا فیچر ابتدائی طور پر iOS ڈیوائسز کے لیے Google App میں شامل کیا گیا ہے۔ اگر صارف کسی ایسی تحریر کا مطالعہ کر رہے ہوں جو مشکل یا تکنیکی ہو، تو وہ اس ٹیکسٹ کو سلیکٹ کر کے "More Actions" مینو میں موجود Simplify بٹن پر کلک کر سکتے ہیں۔ اس کے بعد منتخب کردہ تحریر کا ایک آسان اور مختصر ورژن دکھایا جائے گا، جو سمجھنے میں کہیں زیادہ سہل ہوگا۔
گوگل کے مطابق یہ فیچر کمپنی کے جدید Gemini AI ماڈل پر مبنی ہے، اور یہ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ اصل تحریر کا مطلب برقرار رہے، البتہ اسے آسان زبان میں پیش کیا جائے۔
یہ ٹول خاص طور پر ان صارفین کے لیے مددگار ثابت ہو سکتا ہے جو طبی تحقیق، بائیولوجی، قانون، معیشت، فلسفہ، ادب، ایرو اسپیس اور کمپیوٹر سائنس جیسے شعبوں کی گہرائی میں لکھی گئی تحریروں کو بہتر طور پر سمجھنا چاہتے ہیں۔ گوگل کا کہنا ہے کہ "سمپل فائی" کے ذریعے علم تک رسائی کو آسان بنا کر صارفین کے تجربے کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔