Get Alerts

پیپلز پارٹی کا جنگ بندی پر اظہار تشکر، 15 مئی کو سندھ بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی

پیپلز پارٹی کا جنگ بندی پر اظہار تشکر، 15 مئی کو سندھ بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی

کراچی: پیپلز پارٹی سندھ نے پاک بھارت جنگ بندی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے جمعرات 15 مئی کو سندھ بھر میں اظہارِ تشکر ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا ہے۔

پارٹی کے صوبائی صدر نثار کھوڑو نے ایک بیان میں کہا کہ ریلیاں سندھ کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز پر شام 5 بجے نکالی جائیں گی، تاکہ پاکستان کی جانب سے امن کی خواہش اور عالمی سفارتی کامیابی کو اجاگر کیا جا سکے۔

انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے اس وعدے پر عمل کیا جس میں انہوں نے پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کم کرانے کا عندیہ دیا تھا۔

نثار کھوڑو نے پاکستان کی مسلح افواج کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر جرات و بہادری کی مثال قائم کی۔

ان کا کہنا تھا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ سندھ طاس معاہدے جیسے اہم مسائل پر بھی بات چیت ہو۔ انہوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے کردار کو بھی سراہا جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر امن پسندی کا مقدمہ پیش کیا۔

ٹیگز: