کراچی / اسلام آباد:پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں بڑے اضافے کی خوشخبری سامنے آئی ہے، عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پاکستان کو قرض کی ایک اور قسط کے طور پر 1.3 ارب ڈالر کی رقم منتقل کر دی ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، یہ فنڈز آئی ایم ایف کے 'ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلٹی' (EFF) اور 'ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسیلٹی' (RSF) پروگرامز کے تحت موصول ہوئے ہیں۔ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے 8 مئی 2026 کو ہونے والے اجلاس میں پاکستان کے لیے 760 ملین ایس ڈی آر (Special Drawing Rights) جاری کرنے کی منظوری دی تھی۔
مرکزی بینک کے حکام کا کہنا ہے کہ منظوری کے بعد اب پاکستان کو مجموعی طور پر 914 ملین ایس ڈی آر موصول ہو چکے ہیں، جو کہ امریکی ڈالر میں تقریباً ایک ارب 30 کروڑ بنتے ہیں۔ معاشی ماہرین کے مطابق، ان فنڈز کی آمد سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا ملے گا اور روپے کی قدر میں استحکام سمیت عالمی سطح پر پاکستان کے معاشی ساکھ میں بہتری آئے گی۔رقم کی موصولی کے بعد اسے اسٹیٹ بینک کے ہفتہ وار سرکاری اعداد و شمار میں بھی شامل کر لیا جائے گا، جو ملکی معیشت کے لیے ایک مثبت اشارہ ثابت ہو رہا ہے۔