اسلام آباد:وزیرِ اعظم شہباز شریف نے رواں برس مون سون کے ممکنہ خطرات اور جاری حج آپریشن کے حوالے سے اہم اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے متعلقہ وزارتوں کو الرٹ رہنے اور بہترین انتظامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
وفاقی وزیرِ موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے وزیرِ اعظم سے ملاقات کی اور انہیں رواں سال مون سون کے موسم کے لیے کی گئی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ملاقات میں خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں گلیشیئر پھٹنے (GLOF) اور اچانک آنے والے سیلاب سے نمٹنے کے لیے نصب کیے گئے 'پیشگی اطلاع کے نظام' کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ اس نظام کو مزید فعال بنایا جائے اور سیلابی خطرات سے دوچار علاقوں کی چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے تاکہ جانی و مالی نقصان کے خدشے کو کم سے کم کیا جا سکے۔
دوسری جانب، وفاقی وزیرِ مذہبی امور سردار محمد یوسف نے بھی وزیرِ اعظم سے ملاقات کی اور جاری حج آپریشن کے انتظامات پر بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر نے عازمینِ حج کو فراہم کی جانے والی رہائشی، طبی اور سفری سہولیات سے آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے حج انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تاکید کی کہ اللہ کے مہمانوں کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور ان کی سہولت کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔