کراچی:کراچی کی بدنام زمانہ منشیات فروش انمول عرف پنکی کے حوالے سے ایک حیرت انگیز انکشاف سامنے آیا ہے کہ اس نے اپنی گرفتاری کے خدشے کے پیشِ نظر پہلے ہی اپنا 'جانشین' مقرر کر دیا تھا تاکہ اس کا غیر قانونی کاروبار بلا تعطل جاری رہ سکے۔
تحقیقاتی ذرائع کے مطابق انمول عرف پنکی کا ایک آڈیو میسج سامنے آیا ہے جو اس نے گرفتاری سے قبل اپنے تمام کلائنٹس (گاہکوں) کو ارسال کیا تھا۔ اس آڈیو پیغام میں ملزمہ نے اپنے نیٹ ورک کو منظم رکھنے کے لیے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ "اگر میرے ساتھ کچھ ہوا یا میں گرفتار ہوگئی تو میرا دھندا اسی نمبر سے چلتا رہے گا۔
ملزمہ نے اپنے گاہکوں کو پیشگی آگاہ کیا کہ اس کی غیر موجودگی میں اس کا ایک قریبی مرد دوست کام سنبھالے گا جو اسی موبائل نمبر کے ذریعے تمام کلائنٹس سے رابطے میں رہے گا۔ اس شاطرانہ منصوبے کا مقصد پولیس کی کارروائی کے باوجود منشیات کی سپلائی لائن کو برقرار رکھنا تھا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس آڈیو پیغام کی روشنی میں تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے اور اب اس 'دوست' اور جانشین کی تلاش شروع کر دی گئی ہے جسے پنکی نے اپنا کام سونپا تھا۔ یہ نیا انکشاف وزیر داخلہ سندھ کی جانب سے کیس پر جے آئی ٹی بنانے کے فیصلے کے بعد سامنے آیا ہے، جس سے منشیات فروشوں کے منظم نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے میں مدد ملے گی۔