Get Alerts

ایوانِ صدر میں تقسیمِ اعزازات کی تقریب: صدرِ مملکت نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات پر سول ایوارڈز عطا کر دیے

ایوانِ صدر میں تقسیمِ اعزازات کی تقریب: صدرِ مملکت نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات پر سول ایوارڈز عطا کر دیے

اسلام آباد : ایوانِ صدر میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے مختلف شعبہ جات میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات کو قومی اعزازات سے نوازا۔
 جمہوریت کے لیے گراں قدر خدمات پر نوابزادہ نصر اللہ خان (مرحوم) کو بعد از مرگ ’نشانِ امتیاز‘ عطا کیا گیا۔ ادب اور صحافت کے شعبے میں عرفان صدیقی (مرحوم) اور عطا الحق قاسمی کو بھی ملک کے اعلیٰ ترین سول اعزاز ’نشانِ امتیاز‘ سے نوازا گیا۔
 وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری اور مشیرِ نجکاری محمد علی کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ’ہلالِ امتیاز‘ دیا گیا۔ کرکٹ کی دنیا کے مایہ ناز کھلاڑی شاہد آفریدی اور کم عمر کوہ پیما شہروز کاشف کو کھیلوں کے شعبے میں نمایاں خدمات پر ’ہلالِ امتیاز‘ سے سرفراز کیا گیا۔تقریب کے دوران غیر معمولی جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے شہدا کی قربانیوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ صدرِ مملکت نے شہدا کے لواحقین کو ’ہلالِ شجاعت‘ اور ’ستارہِ شجاعت‘ کے ایوارڈز دیے۔ علاوہ ازیں، سائنس و ٹیکنالوجی اور خدمتِ عامہ کے شعبوں میں بیش بہا خدمات انجام دینے والی شخصیات کو بھی ’ہلالِ امتیاز‘ عطا کیا گیا۔
اس تقریب میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے اہم افراد اور حکومتی شخصیات نے شرکت کی اور وطنِ عزیز کا نام روشن کرنے والوں کی خدمات کو سراہا۔

ٹیگز: