لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی سری لنکن کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی تفصیلات سامنے آئی ہیں، جس میں انہوں نے سری لنکن کھلاڑیوں کو پاکستان میں کھیلنے کے حوالے سے یقین دہانی کرائی۔
ذرائع کے مطابق یہ ملاقات تقریباً 90 منٹ تک جاری رہی، جس میں محسن نقوی نے سری لنکن ٹیم کے کھلاڑیوں کو دورہ پاکستان جاری رکھنے پر قائل کر لیا۔ ملاقات میں سری لنکن کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے اٹھنے والے تحفظات کو دور کیا گیا اور ان کے مسائل کا حل بہترین انداز میں پیش کیا گیا۔
چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں کو یہ یقین دہانی کرائی کہ وہ خود ذاتی طور پر ٹیم کی سیکیورٹی کے انتظامات کی نگرانی کریں گے۔ اس کے علاوہ، محسن نقوی نے سری لنکن کھلاڑیوں کی فیملیز کو بھی پاکستان آنے اور میچز دیکھنے کی دعوت دی، تاکہ وہ پاکستان کے محفوظ اور خوشگوار ماحول کا براہِ راست تجربہ کر سکیں۔
واضح رہے کہ سری لنکن ٹیم کو پاکستان کے خلاف سیریز کے باقی دو ون ڈے میچز کھیلنے ہیں، جس کے بعد پاکستان میں سہ ملکی سیریز کا آغاز ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ کل راولپنڈی میں شیڈول ہے۔