اے این ایف کی کارروائیاں ،88 کلو منشیات برامد، 9ملزمان گرفتار

اے این ایف کی کارروائیاں ،88 کلو منشیات برامد، 9ملزمان گرفتار

 اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران مختلف کارروائیوں میں 88کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کر کے 9ملزمان گرفتار کر لیے۔ 

ترجمان اے این ایف ہیڈکوارٹر کے مطابق سنگجانی ٹول پلازہ اسلام آباد پردورانِ کارروائی خاتون کے پرس اور موٹر سائیکل کی سیٹ میں چھپائی گئی  2 کلو 200 گرام چرس، 500 گرام افیون اور 1 کلو آئس برآمد کی گئی، موٹر سائیکل سوار ملزم کو خاتون سمیت گرفتار کر لیا گیا۔

اے این ایف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایم ون موٹر وے اسلام آباد پر گاڑی کے خفیہ خانوں سے 15 کلو 600 گرام چرس برآمد ہوئی،  دورانِ کارروائی چارسدہ کے رہائشی 2 ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

اے این ایف کے ترجمان نے بتایا کہ جمرود خیبر میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران اسلحے سمیت خیبر کے رہائشی 2 ملزمان گرفتار کر لیے گئے، گرفتار ملزمان کے گھر سے 5 کلو ہیروئن، 200 گرام آئس اور 50 نشہ آور (ایکسٹیسی) گولیاں برآمد کی گئی۔ 

ترجمان نے مزید بتایا کہ ایک اور کارروائی میں باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر مسافر کے پیٹ سے 87 آئس بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے، خیبر کا رہائشی ملزم قطر کے لیے روانہ ہو رہا تھا۔  اسی طرح کوئٹہ میں کارروائی کے دوران پک اپ کے فرش میں بنائے گئے خفیہ خانے سے 62 کلو گرام چرس برآمد ہوئی۔

ترجمان اے این ایف ہیڈکوارٹر کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

مصنف کے بارے میں