شرم الشیخ: مصر کے شہر شرم الشیخ میں غزہ امن معاہدے پر باضابطہ دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، مصری صدر عبدالفتاح السیسی، اور دیگر عالمی رہنماؤں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے معاہدے کو مشرق وسطیٰ میں امن کی جانب ایک "تاریخی پیش رفت" قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "آج غزہ کے عوام کے لیے ایک تاریخی دن ہے۔ یہ معاہدہ کئی ماہ کی سفارتی کوششوں، مذاکرات اور دوست ممالک کے تعاون سے ممکن ہوا۔"
صدر ٹرمپ نے کہا کہ امن معاہدے سے نہ صرف غزہ میں جنگ بندی ممکن ہوئی ہے بلکہ ترقی اور تعمیر نو کا راستہ بھی ہموار ہوا ہے۔ انہوں نے مصر کے کردار کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ "غزہ امن معاہدے میں مصر نے اہم اور تعمیری کردار ادا کیا۔"
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن، استحکام اور ترقی کا خواہاں ہے، اور یہ معاہدہ ان مقاصد کے حصول کی طرف ایک بڑا قدم ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی تقریب میں شرکت کی اور فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ ان کی فلسطینی صدر محمود عباس اور دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی ہوئیں۔
یہ امن معاہدہ حالیہ جنگ بندی، قیدیوں کے تبادلے، انسانی امداد کی بحالی اور تعمیر نو کے اقدامات پر مشتمل ہے، جس کا مقصد غزہ میں پائیدار امن قائم کرنا ہے۔