آرمی چیف کا دورہ ترکیہ، اردوان، وزرائے خارجہ و دفاع سے  ملاقات

آرمی چیف کا دورہ ترکیہ، اردوان، وزرائے خارجہ و دفاع سے  ملاقات

انقرہ:آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ترکیہ کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق  یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تاریخی، سفارتی اور فوجی تعاون کا ایک حصہ ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق  آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، خارجہ اور دفاع کے وزرا سے ملاقات کی، آرمی چیف نے جنرل سٹاف کے کمانڈر اور بری و فضائیہ کے کمانڈروں سے بھی ملاقات کی۔


آرمی چیف نے ملاقاتوں میں دفاع اور تربیت کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔  جنرل سید عاصم منیر نے خطہ میں امن کے لیے ترکیہ فوج کی کوششوں کو سراہا۔  آرمی چیف نے ترکیہ کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ تیاریوں کی تعریف بھی کی۔
ترک رہنماؤں نے رواں سال فروری میں ترکیہ میں آنے والے زلزلے کے دوران پاکستانی آرمی انجینئرز کی پیشہ ورانہ خدمات کا بھی اعتراف کیا۔ آرمی چیف نے انقرہ میں ترکیہ کے عظیم رہنما مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر حاضری دی ۔

آرمی چیف کی ترک لینڈ فورسز کے ہیڈ کوارٹرز آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور ان  کو   وزیر دفاع اور کمانڈر ترک لینڈ فورسز نے  پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں  لیجن آف میرٹ سے نوازا  ۔


آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات مضبوط اور برادرانہ ہیں جو ہمیشہ قائم رہیں گے، پاک فوج ترکیہ کی بَری افواج کو متعدد شعبوں میں مکمل تعاون فراہم کرنے کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔

مصنف کے بارے میں