راولپنڈی:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ریاست ہر سال قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان کی متحمل نہیں ہو سکتی، اور عوام کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچانے کے لیے ڈھانچہ جاتی ترقی سمیت تمام ضروری اقدامات میں تیزی لانا ہوگی۔
یہ بات انہوں نے ہفتے کے روز پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں لاہور، قصور، ملتان اور جلال پور پیر والا کے دورے کے موقع پر کہی، جہاں انہوں نے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل نے قصور سیکٹر اور جلال پور پیر والا میں قائم فلڈ ریلیف کیمپس کا معائنہ کیا، جہاں اُنہیں متاثرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل نے دورے کے دوران پاک فوج، ریسکیو 1122 اور پولیس کے اہلکاروں سے ملاقات کی اور مشکل حالات میں ان کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور عوامی خدمت کے جذبے کو سراہا۔
انہوں نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے والے جوانوں سے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی اداروں کی بروقت کارروائی نے سینکڑوں جانیں بچائیں اور عوامی اعتماد کو بحال کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ سیلاب جیسے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے صرف وقتی امدادی اقدامات کافی نہیں بلکہ اس کے لیے بہتر طرزِ حکمرانی، عوامی شمولیت اور دیرپا انفرااسٹرکچر کی ترقی ناگزیر ہے۔
دورے کے دوران متاثرہ شہریوں نے بروقت امداد فراہم کرنے پر پاک فوج کا دلی شکریہ ادا کیا۔