لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی صاحبزادی ماہ نور صفدر اور معروف صنعت کار جبار خالد کے صاحبزادے اذان جبار رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے، نکاح کی تقریب جاتی امرا میں منعقد ہوئی۔
قریبی خاندانی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سمیت شریف خاندان کے دیگر افراد اور اہم سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق نکاح کی تقریب ہفتے کی شام 5 بجے جاتی امرا میں ہوئی، جس میں خاندان کے قریبی افراد، رشتہ داروں اور عزیز و اقارب کو مدعو کیا گیا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف خصوصی طور پر تقریب میں شرکت کے لیے جاتی امرا پہنچے۔ اس موقع پر نواز شریف، ماہ نور کے والد کیپٹن (ر) محمد صفدر، حسن نواز اور حسین نواز بھی موجود تھے۔
تقریب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔
خاندانی ذرائع کے مطابق اذان جبار کا تعلق ایک معروف کاروباری خاندان سے ہے۔ ان کے والد جبار خالد ملک کے نمایاں صنعت کاروں میں شمار ہوتے ہیں جبکہ ان کا خاندان فلور ملز کے کاروبار سے وابستہ ہے۔
ماہ نور صفدر نے حال ہی میں لندن کی ایس او اے ایس یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم اور گریجویشن مکمل کی، جس کے بعد وہ وطن واپس پہنچی تھیں۔ مریم نواز بھی بیٹی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے لندن گئی تھیں۔
بیٹی کی گریجویشن کے موقع پر مریم نواز نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ان کے تینوں بچوں نے اعلیٰ تعلیم مکمل کرلی ہے۔