Get Alerts

اسلام آباد :ایوان صدر میں سول و عسکری شخصیات کو اعزازات دینے کی پر وقار تقریب

اسلام آباد :ایوان صدر میں سول و عسکری شخصیات کو اعزازات دینے کی پر وقار تقریب

اسلام آباد: ایوان صدر میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں معرکہ حق میں اپنی لازوال جرأت، غیر متزلزل حب الوطنی اور بہترین جنگی مہارت کے اعتراف میں سول و عسکری شخصیات کو پاکستان کے اعلیٰ قومی اعزازات سے نوازا گیا۔ اس تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت مختلف سول و عسکری شخصیات نے شرکت کی۔

صدر مملکت نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کو ان کی قائدانہ صلاحیتوں اور ملک کی خدمت پر ’نشان امتیاز‘ سے نوازا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو معرکہ حق کے دوران انتہائی مشکل حالات میں اپنی جنگی قیادت، لازوال جرأت اور حب الوطنی کے اعتراف میں ’ہلال جرأت‘ دیا گیا۔

پاک بحریہ کے چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف کو پاکستان کی بحری حدود کی حفاظت یقینی بنانے میں نمایاں کردار ادا کرنے پر ’نشان امتیاز‘ سے نوازا گیا جبکہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو فضائی جنگ میں دشمن کی برتری کو خاک میں ملانے پر ’ہلال جرأت‘ دیا گیا۔

دوسری جانب، سفارتی سطح پر پاکستان کا مؤثر دفاع کرنے پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، سندھ طاس معاہدے پر مؤقف اپنانے پر وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کو بھی اعزازات دیے گئے۔

بھارت کی بلااشتعال جارحیت کا بھرپور جواب دینے پر وزیر دفاع خواجہ آصف کو ’نشان امتیاز‘ جبکہ معرکہ حق میں اطلاعات کی بہترین ترسیل پر وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کو ’نشان امتیاز‘ سے نوازا گیا۔ داخلی محاذ پر یکجہتی اور امن قائم رکھنے میں نمایاں خدمات پر وزیر داخلہ محسن نقوی کو بھی یہ اعزاز دیا گیا۔

قومی سطح پر پاکستان کا موقف عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور بھارت کی سازشوں کو بے نقاب کرنے پر بلاول بھٹو زرداری کو ’نشان امتیاز‘ عطا کیا گیا۔ قومی اتفاق رائے اور سیاسی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں معاون خصوصی رانا ثنا اللہ کو بھی ’نشان امتیاز‘ دیا گیا۔

وزیراعظم کے تشکیل کردہ سفارتی وفد کے ارکان سینیٹر شیری رحمان، فیصل سبزواری، حنا ربانی کھر، خرم دستگیر خان، بشریٰ انجم، عمر فاروق، جلیل عباس جیلانی، مصدق ملک اور طارق فاطمی کو ’ہلال امتیاز‘ سے نوازا گیا۔

پاک فضائیہ کے بہادر پائلٹس ونگ کمانڈر بلال رضا، ونگ کمانڈر حماد ابن مسعود، سکوارڈن لیڈر محمد یوسف خان، اسامہ اشفاق، محمد حسن انیس، طلال حسن، فدا محمد خان اور محمد اشہد کو ’ستارہ جرات‘ سے نوازا گیا جبکہ شہداء لانس حوالدار عامر شیراز، لانس نائیک اکرام اللہ اور سپاہی عدیل اکبر کو ’تمغہ جرات‘ دیا گیا۔

بعد از شہادت سپاہی نثار احمد کو ’ستارہ بسالت‘ دیا گیا جبکہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک، ڈی جی آئی ایس پی آئی لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری، لیفٹیننٹ جنرل نعمان زکریا، لیفٹیننٹ جنرل محمد ظفر اقبال، لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا اور لیفٹیننٹ جنرل شاہد امتیاز کو بھی یہ اعزاز دیا گیا۔

اسی طرح ڈی جی ملٹری آپریشنز میجر جنرل کاشف عبداللہ، ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد، وائس ایڈمرل راجا رب نواز، ریئر ایڈمرل عبدالمنیب، ریئر ایڈمرل فیصل امین، میجر جنرل واجد عزیز، ایئر وائس مارشل محمد احسان الحق، ریئر ایڈمرل شہزاد حامد، میجر جنرل محمد جواد طارق اور میجر جنرل تجدید ممتاز کو ’تمغہ بسالت‘ دیا گیا۔

ایئر کموڈور عطا اللہ زیب، ایئر کموڈور ضیا آفتاب، ایئر کموڈور محمد نعمان علی خان، ایئر کموڈور علی جاوید ہاشمی، ایئر کموڈور سجاد حیدر کے علاوہ کیپٹن آصف امین اور کیپٹن محمد حیدر علی کو بھی ’تمغہ بسالت‘ دیا گیا۔ تقریب کے شرکاء نے ملک کے قومی پرچم کی سربلندی اور پاکستان کی خدمت کے لیے اپنی مکمل یکسوئی کا اعادہ کیا۔ 

ٹیگز: