واشنگٹن / اسلام آباد :امریکہ نے پاکستان کو 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے کردار اور دو طرفہ تجارتی تعاون کو سراہا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اپنے خصوصی پیغام میں پاکستانی عوام کو 14 اگست کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن، اسلام آباد کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہاہم پاکستان کے ساتھ انسدادِ دہشت گردی، تجارت، اہم معدنیات اور ہائیڈروکاربنز سمیت اقتصادی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا چاہتے ہیں، تاکہ دونوں ملکوں کے عوام کے لیے خوشحال مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکے۔"
امریکی وزیر خارجہ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں امریکا نے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور اس کے ذیلی گروپ مجید بریگیڈ کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے۔ دونوں تنظیموں کو امریکی محکمہ خارجہ نے "اسپیشلی ڈیزگنیٹڈ گلوبل ٹیررسٹس" کی فہرست میں بھی شامل کیا ہے۔
یہ اقدام ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب پاکستان اور امریکا کے درمیان انسدادِ دہشت گردی کے تعاون میں مزید بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے، خاص طور پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے حالیہ دورۂ امریکا کے بعد، جسے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ، امریکہ نے پاکستان کے توانائی اور معدنیات کے شعبے، بالخصوص بلوچستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ بلوچستان نہ صرف قدرتی وسائل سے مالا مال ہے بلکہ ماضی میں کئی کالعدم گروپوں کا گڑھ بھی رہ چکا ہے۔
حال ہی میں اسلام آباد میں ہونے والے پاکستان–امریکا انسدادِ دہشت گردی مذاکرات میں دونوں ممالک نے داعش، ٹی ٹی پی اور بی ایل اے جیسے عناصر کے خلاف مشترکہ کارروائی جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔