کیلیفورنیا: دنیا کی سب سے مقبول میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے چیٹ کا تجربہ مزید بہتر بنانے کے لیے ایک نیا اور مفید فیچر متعارف کرا دیا ہے، جسے "رائٹنگ ہیلپ" (Writing Help) کا نام دیا گیا ہے۔
یہ فیچر فی الحال واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں دستیاب ہے اور اسے صرف محدود صارفین ہی استعمال کر سکتے ہیں۔ "رائٹنگ ہیلپ" کا مقصد صارفین کو میسجز لکھنے، ایڈٹ کرنے اور مؤثر انداز میں جواب دینے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
میسجنگ ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی معروف ویب سائٹ WABetaInfo کے مطابق، یہ فیچر واٹس ایپ کی کمیونیکیشن کو زیادہ فطری، تیز اور بہتر بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
اسمارٹ تجاویز پر مبنی یہ فیچر ان صارفین کے لیے نہایت مفید ثابت ہو سکتا ہے جنہیں وقت کی قلت یا الفاظ کے چناؤ میں دشواری کا سامنا ہوتا ہے۔ فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ یہ آن-ڈیوائس انٹیلیجنس پر مبنی ہے، یعنی صارفین کے پیغامات کا تجزیہ ان کے فون پر ہی ہوتا ہے اور کوئی بھی ڈیٹا واٹس ایپ کے سرورز پر منتقل نہیں کیا جاتا۔
واٹس ایپ کی جانب سے دی گئی تفصیلات کے مطابق، یہ فیچر اختیاری ہوگا اور بائی ڈیفالٹ غیر فعال رہے گا۔ صارفین اپنی مرضی سے سیٹنگز میں جا کر اسے فعال کر سکیں گے۔
اس فیچر کے تحت صارفین کو متعدد تجاویز فراہم کی جائیں گی، جن میں سے وہ کسی ایک کو منتخب کر کے اپنا پیغام بہتر انداز میں ارسال کر سکیں گے۔
فی الحال "رائٹنگ ہیلپ" آزمائشی مراحل میں ہے اور اس کی عالمی سطح پر فراہمی کی تاریخ ابھی واضح نہیں کی گئی۔
واٹس ایپ کی اس پیش رفت کو ماہرین مستقبل کی چیٹنگ کا ایک بڑا قدم قرار دے رہے ہیں، جہاں مصنوعی ذہانت کی مدد سے صارفین کو زیادہ مؤثر اور تیزرفتار رابطے کی سہولت حاصل ہوگی۔