Get Alerts

وزیراعظم شہباز شریف کا یومِ آزادی پر قوم کے نام پیغام، اتحاد اور ترقی پر زور

وزیراعظم شہباز شریف کا یومِ آزادی پر قوم کے نام پیغام، اتحاد اور ترقی پر زور

اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر قوم اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے ملک کی ترقی، امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے قومی اتحاد اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی جانب سے عطا کردہ آزادی کی عظیم نعمت ہے، جو قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال اور تحریکِ آزادی کے دیگر رہنماؤں کی بصیرت افروز قیادت اور برصغیر کے مسلمانوں کی لازوال قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوئی۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنے شہریوں کو عزت و وقار کے ساتھ زندگی گزارنے اور اپنی مذہبی و ثقافتی روایات پر عمل کرنے کا حق فراہم کرتا ہے، جبکہ آئین اور قانون ہر شہری کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتے ہیں۔

وزیراعظم کے مطابق مختلف مشکلات اور چیلنجز کے باوجود پاکستان ترقی اور خوشحالی کی سمت آگے بڑھ رہا ہے۔ پاکستانی عوام نے دفاع، معیشت، صنعت، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، زراعت اور کھیل سمیت متعدد شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا ثبوت دیا ہے۔

انہوں نے نوجوانوں، ہنرمند افراد، ماہرین، کسانوں اور محنت کش طبقے کو ملک کے مستقبل کا اہم سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہی طبقے پاکستان کو ترقی کی نئی منزلوں تک پہنچانے میں بنیادی کردار ادا کرسکتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ ڈھائی برس کے دوران مشکل معاشی حالات میں متعدد چیلنجز کا سامنا کیا اور معیشت کو مستحکم کرنے کی بنیاد رکھنے میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو برس کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر میں 11.3 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، جو اوورسیز پاکستانیوں کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعتی اور زرعی شعبوں کی ترقی، عوامی فلاح، روزگار کے نئے مواقع اور عالمی معیار کی تعلیم و فنی تربیت حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔

یومِ آزادی کے موقع پر وزیراعظم نے ملکی دفاع کے لیے مسلح افواج کی قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج پر فخر کرتی ہے۔ وزیراعظم کے مطابق معرکۂ حق کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے عزم، اتحاد اور غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کے دفاع اور قومی وقار کی نئی مثال قائم کی۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی سلامتی، دفاع، آبی وسائل اور دیگر قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کرے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان آج عالمی سطح پر ایک مضبوط، خوداعتماد، باوقار اور امن کے لیے مؤثر آواز کے طور پر اپنی شناخت بنا چکا ہے اور خطے میں مشکل حالات کے باوجود امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے فلسطینی عوام اور جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے جائز حقوق کے حصول کے لیے پاکستان اپنی اصولی حمایت جاری رکھے گا۔ شہباز شریف نے جنوبی ایشیا میں مستقل امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں، بین الاقوامی قوانین اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تلاش کرنے پر زور دیا۔

وزیراعظم نے یومِ آزادی کے موقع پر ملک کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں، غازیوں اور تمام شہداء کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی قربانیوں کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔

اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعظم نے قوم سے اپیل کی کہ وہ قومی اتحاد اور یکجہتی کو مضبوط بناتے ہوئے پاکستان کی ترقی، خوشحالی، امن، استحکام اور معاشرتی ہم آہنگی کے لیے اجتماعی طور پر اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے سیاسی جماعتوں اور معاشرے کے تمام طبقات پر بھی زور دیا کہ وہ ملکی سالمیت اور قومی مفادات کے تحفظ اور فروغ کے لیے مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو دنیا میں عزت، وقار اور کامیابی کی علامت بنائے اور وطن عزیز کو روشن، خوشحال اور کامیاب مستقبل عطا فرمائے۔

ٹیگز: