لاہور: نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان (این جی سی) کے زیراہتمام پاکستان کا 79واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے اور حب الوطنی کے عزم کے ساتھ منایا گیا۔ مرکزی تقریب ٹی ایس جی ٹریننگ سنٹر نیو کوٹ لکھپت لاہور میں منعقد ہوئی، جہاں چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ڈاکٹر فیاض احمد چوہدری اور منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر الطاف حسین ملک نے قومی پرچم لہرایا اور یومِ آزادی کا کیک کاٹا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فیاض احمد چوہدری نے قیامِ پاکستان کے لیے دی گئی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ آزادی کے مقاصد کے حصول کے لیے انفرادی اور اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفاد کو ذاتی مفادات پر ترجیح دیتے ہوئے اتحاد، امن، یکجہتی اور ٹیم ورک کو فروغ دینا ہوگا۔
منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر الطاف حسین ملک نے کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر ہمیں دیانت داری اور ذمہ داری کے ساتھ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرنے کا عزم کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ این جی سی ملک کی بجلی کی ضروریات پوری کرنے اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور پیشہ ورانہ مہارت، جدت، ٹیم ورک اور قومی خدمت کے جذبے کے ساتھ مضبوط اور قابلِ اعتماد نیشنل گرڈ کے سفر کو جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ این جی سی کاسا-1000 منصوبے اور ایران سے بجلی کی درآمد کے ذریعے علاقائی ٹرانسمیشن کمپنی بننے کی جانب گامزن ہے، جو ادارے کے لیے باعثِ فخر ہے۔
اس موقع پر این جی سی کے ملازمین کے بچوں نے قومی نغمے اور ٹیبلوز پیش کیے۔ تقریب کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی نے ٹی ایس جی ٹریننگ سنٹر میں یادگاری پودے لگائے اور نو تزئین شدہ ہاسٹل کا افتتاح کیا۔ تقریب میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (اے ڈی اینڈ ایم) انجینئر رشید اے بھٹو، ایگزیکٹو ڈائریکٹرز، جنرل منیجرز، ڈائریکٹر جنرلز، سی سوٹ افسران، این جی سی سے وابستہ کھلاڑیوں، خواتین، بچوں اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔