مولانا طارق جمیل وبائی مرض میں مبتلا، وزیراعظم کی جانب سے جلد صحتیابی کیلئے دعا

Maulana Tariq Jameel suffers from epidemic disease, PM prays for speedy recovery
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وبائی مرض میں مبتلا معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کی جلد صحتیابی کیلئے خصوصی دعا کی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے خصوصی بیان میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میری دعا ہے کہ مولانا طارق جمیل اس وبائی مرض سے جلد از جلد چھٹکارا حاصل کرکے صحتیاب ہوں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے مولانا طارق جمیل کو راولپنڈی کے سی ایم ایچ  میں داخل کرایا گیا تھا۔ مولانا طارق جمیل میں عالمی وبا کی کچھ روز سے علامات تھیں، ان کا ٹیسٹ کراویا گیا جو مثبت آیا، جس کے بعد انھیں فوری طور پر ہسپتال داخل کرا دیا گیا جہاں ان کا علاج معالجہ جاری ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق عالمی وبا کا مرض پاکستان میں روز بروز پھیلتا جا رہا ہے۔ اس میں اضافے کی وجہ عوام کی بے احتیاطی کو قرار دیا جا رہا ہے۔

این سی او سی کی جانب سے عوام سے بارہا اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ اس وبائی مرض سے بچنے کیلئے سماجی فاصلہ اختیار کریں، ہاتھ منہ دھوتے رہیں، ہینڈ سینی ٹائزرز کا استعمال کریں اور فیس ماسک ضرور پہنیں۔

حالیہ ڈیٹا کے مطابق ملک بھر میں وبائی مرض سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید چھتیس مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ مریضوں کی تعداد میں اضافے سے ہسپتالوں کی حالت ابتر ہوتی جا رہی ہے۔ عوام سے ایس او پیز پر عملدرآمد کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی زندگی بچانے کیلئے احتیاط لازم اختیار کریں۔ بصورت دیگر یہ مرض پھیل سکتا ہے۔

ادھر جرمنی میں عالمی وبا کی تیسری لہر شروع ہونے کے بعد چانسلر انگیلا مرکل نے ملک بھر میں سخت لاک ڈاؤن کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔