نجکاری معاملات میں غیر ضروری تاخیر اور مسائل کا حل ،صدر عارف علوی نے ترمیمی  آرڈیننس  جاری کردیا

نجکاری معاملات میں غیر ضروری تاخیر اور مسائل کا حل ،صدر عارف علوی نے ترمیمی  آرڈیننس  جاری کردیا

اسلام آباد :نجکاری معاملات میں غیر ضروری تاخیرختم کرنے اور مسائل حل کرنے  کے لیے  صدر عارف علوی نے ترمیمی  آرڈیننس  جاری کردیا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نجکاری کمیشن (ترمیمی) آرڈیننس 2023 جار ی کیا ہے۔ اس کا مقصد نجکاری معاملات میں غیر ضروری تاخیر ختم کرنا، مسائل حل کرنا، قانون اور انصاف کے اصولوں پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔


 آرڈیننس کی مدد سے نجکاری کمیشن آرڈیننس 2000 کی شق نمبر 28 سے شق نمبر 33 میں ترامیم کی گئی ہیں۔آرڈیننس کا مقصد نجکاری اپیلیٹ ٹریبونل کا قیام عمل میں لانا ہے۔ نجکاری اپیلیٹ ٹریبونل کے پاس نجکاری سے متعلق دیوانی اور فوجداری معاملات پر سماعت اور فیصلوں کا اختیار ہوگا۔نجکاری کمیشن آرڈیننس 2000 میں ملکی ہائی کورٹس کو دیے گئے اختیارات اب نجکاری اپیلیٹ ٹریبونل کو منتقل کر دیے گئے ہیں۔


آرڈیننس سے قبل ملک کی تمام ہائی کورٹس کو نجکاری معاملات پر بیک وقت دائرہ اختیار حاصل تھا۔ آرڈیننس کے تحت وفاقی حکومت 3 اراکین پر مشتمل نجکاری اپیلیٹ ٹریبونل کا قیام عمل میں لائے گی۔

صدر مملکت نے حکومت کی طرف سے تجویز کردہ ترمیمی آرڈیننس کو سیکشن 28 کے ذیلی سیکشن 2 (چار) میں تبدیلی کے بعد منظور کیا۔صدر مملکت نے مجوزہ حکومتی آرڈیننس میں اپیلیٹ ٹریبونل کا چیئرپرسن ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج کے بجائے سپریم کورٹ کا ریٹائرڈ جج لگانے کی تبدیلی کی۔

مصنف کے بارے میں