Get Alerts

سندھ کے حلقہ پی ایس 9 شکارپور میں ضمنی انتخاب کا آغاز، سخت سکیورٹی انتظامات

سندھ کے حلقہ پی ایس 9 شکارپور میں ضمنی انتخاب کا آغاز، سخت سکیورٹی انتظامات

شکارپور: سندھ کے حلقہ پی ایس 9 شکارپور میں ضمنی انتخاب کا دنگل سج گیا ہے جس کے لیے مکمل سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق، پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہو کر شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔

پیپلز پارٹی کے آغا شہباز خان درانی، جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے مولانا رشد اللہ شاہ سمیت مجموعی طور پر 8 امیدوار میدان میں ہیں۔ یہ نشست پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔

حکام کے مطابق، حلقے میں 2 لاکھ 77 ہزار 792 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں سے 1 لاکھ 48 ہزار 310 مرد اور 1 لاکھ 29 ہزار 482 خواتین شامل ہیں۔ اس حلقے میں 178 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں 49 مرد، 49 خواتین اور 80 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز ہیں۔ ان میں سے 54 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس اور 84 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے تمام متعلقہ اداروں کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی انتخاب کے آزادانہ، منصفانہ اور پُرامن انعقاد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

ٹیگز: