Get Alerts

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے آج ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، آج ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سرد موسم رہے گا۔

آج شام اور رات کو گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا، اور کشمیر میں بارش ہونے کا امکان ہے۔ ان علاقوں کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری بھی متوقع ہے۔

دوسری جانب، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 18 دسمبر تک بارش اور برفباری کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق اس دوران بالائی خیبر پختونخوا، کوہستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں بارش اور برفباری کی توقع ہے۔

این ڈی ایم اے نے بتایا کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ شمالی اور مغربی پاکستان میں اثر انداز ہو گا، جس کے باعث دھند کی شدت میں اضافے کا امکان بھی ہے۔ میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے، جس کے باعث بعض مقامات پر سڑکیں بند ہو سکتی ہیں۔ کوئٹہ، زیارت اور شمال مغربی بلوچستان میں بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے نے شمالی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی برفباری کی توقع ظاہر کی ہے اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ٹیگز: