لاہور: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے ) نے ملک کے مختلف حصوں میں 12 سے 17 اپریل کے دوران بارش اور برفباری کی پیشگوئی جاری کر دی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد، مری، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال اور گجرات میں 13 سے 17 اپریل کے دوران بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح سیالکوٹ، لاہور، میانوالی اور منڈی بہاؤالدین میں بھی اس عرصے کے دوران بارش متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ صوابی، چارسدہ، مردان، نوشہرہ، کوہاٹ، کرک اور بنوں میں بھی 12 سے 17 اپریل تک بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں اس دوران آندھی اور جھکڑ کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں اسکردو، ہنزہ، گلگت، استور، دیامر، غذر، مظفرآباد، باغ، راولاکوٹ، حویلی اور وادی نیلم میں بھی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں مسلسل بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، اس لیے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔