لاہور: چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ بھارت کے حامیوں اور پاکستان کے خلاف سرگرم عناصر کو پکڑنے کا وقت آ گیا ہے، جبکہ فیض حمید کو دی جانے والی سزا پاکستان میں ایک نئے دور کے آغاز کی علامت ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود احمد نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد اور فارن فنڈنگ کے ذریعے ریاست مخالف سرگرمیوں میں شامل عناصر کا بھی کڑا احتساب کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
رانا مشہود کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف منظم پروپیگنڈا کرنے والے متعدد سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھارت اور اسرائیل سے آپریٹ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی مخالفت کرنے والوں کے لیے اب ملک میں کوئی جگہ نہیں ہے۔
چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے مزید کہا کہ ملکی سلامتی اور استحکام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی جاری رہے گی۔