لاہور: سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے سکولوں میں طلباءکی حاضری 100 فیصد کرنے کی تجویز دیدی ہے تاہم حتمی فیصلہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق این سی او سی نے عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث سکولوں میں پہلی سے چھٹی جماعت میں 50 فیصد حاضری کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا اور بعد ازاں سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اس میں 15 فروری تک توسیع کر دی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے سکولوں میں طلباءکی 50 فیصد حاضری کی پابندی ختم کرنے اور حاضری 100 فیصد کرنے کی تجویز دیدی ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں ہی کیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے 12 سال سے کم عمر بچوں کی کلاسز 50 فیصد حاضری کیساتھ جاری رکھنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ سکولوں میں بچوں کی 85 فیصد جبکہ اساتذہ کی ویکسی نیشن 100 فیصد مکمل ہوچکی ہے، ماسک کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔
واضح رہے کہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سکولوں میں 50 فیصد حاضری کی پابندی میں 15 فروری تک توسیع سے متعلق جاری کئے گئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ ساتویں جماعت سے 12 ویں جماعت تک بچے 100 فیصد حاضری کے تحت ہی آئیں گے۔