Get Alerts

لائبہ خان کا شادی کے دن کے جوڑے پر حقیقت پسندانہ موقف

لائبہ خان کا شادی کے دن کے جوڑے پر حقیقت پسندانہ موقف

لاہور: حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی پاکستانی اداکارہ لائبہ خان نے کہا ہے کہ زیادہ تر شوبز کی اداکارائیں اپنی شادی میں کرائے کے جوڑے اور زیورات استعمال کرتی ہیں۔

لائبہ خان گزشتہ ماہ شادی کے بندھن میں بندھی ہیں، مگر ان کے شادی سے پہلے دیے گئے انٹرویو کے کلپس حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے ہیں۔

وائرل ویڈیو میں اداکارہ نے بتایا کہ آج کل یہ رجحان کم ہو رہا ہے کہ مہنگے اور ایک دفعہ استعمال ہونے والے عروسی جوڑے خریدے جائیں، کیونکہ یہ جوڑے صرف ایک بار پہننے کے لیے ہوتے ہیں اور بعد میں دوبارہ کسی کی شادی میں پہننا مناسب نہیں لگتا۔ شوبز کی دنیا میں اکثر ڈیزائنرز اداکاراؤں کو عروسی کپڑے اور جیولری فراہم کرتے ہیں، جو استعمال کے بعد واپس کر دی جاتی ہیں۔

لائبہ خان نے کہا کہ وہ بھی اپنی شادی کے لیے کچھ ایسا ہی سوچ رہی تھیں، لیکن وہ اپنا جوڑا تھوڑا کسٹمائز کروائیں گی کیونکہ بچپن سے ان کا خواب تھا کہ شادی پر کیسا جوڑا پہنیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شادی ایک بار ہوتی ہے، اس لیے اگر موقع ملے تو مختلف اسٹائل کے جوڑے پہننا کوئی مسئلہ نہیں۔

اداکارہ نے زور دیا کہ شادی کا اصل مقصد خوشی اور نئے رشتے کی شروعات ہے، نہ کہ مہنگے کپڑوں کی نمائش۔ انہوں نے کہا کہ سادگی اختیار کرنا بالکل درست ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب معاشی حالات عام لوگوں کے لیے مشکل ہیں۔

سوشل میڈیا پر صارفین نے لائبہ خان کے موقف کو حقیقت پسندانہ اور قابل تقلید قرار دیا ہے اور ان کی بات کی خوب تعریف کی جا رہی ہے۔

ٹیگز: