اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے 38 ارب روپے کے بڑے رمضان ریلیف پیکج کا اعلان کر دیا ہے۔ اس پیکج کے تحت ملک بھر کے ایک کروڑ 21 لاکھ مستحق خاندانوں کو براہِ راست مالی امداد فراہم کی جائے گی، تاکہ وہ ماہِ صیام کی برکات سے بہتر طور پر مستفید ہو سکیں۔
وزیراعظم نے پیکج کی تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا کہ ہر مستحق خاندان کو 13 ہزار روپے کی نقد رقم دی جائے گی۔ادائیگیاں روایتی طریقوں کے بجائے براہِ راست بینک اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے کی جائیں گی تاکہ کسی بھی قسم کی بدعنوانی کا راستہ روکا جا سکے۔ یہ امداد چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے تمام رجسٹرڈ مستحقین کو فراہم کی جائے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے ماضی کا وہ فرسودہ نظام ختم کر دیا ہے جس میں عوام کو صرف یوٹیلیٹی اسٹورز کے باہر لمبی لائنوں میں لگ کر ریلیف ملتا تھا۔ انہوں نے کہا نئے ڈیجیٹل نظام کو متعارف کرانا ایک بڑا چیلنج تھا، لیکن ہم نے اسے کامیابی سے مکمل کیا۔ گزشتہ سال بھی ہم نے 20 ارب روپے کی رقم انتہائی شفاف طریقے سے مستحقین تک پہنچائی تھی اور اس بار ہم نے بجٹ کو مزید بڑھا کر 38 ارب کر دیا ہے۔
وزیراعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ ادائیگیوں کے عمل کے دوران مستحقین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور رقم کی منتقلی کا عمل رمضان المبارک کے آغاز سے ہی یقینی بنایا جائے۔