لاہور : پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ماہ رمضان کے دوران 40 لاکھ سے زائد خاندانوں کو امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ "نگہبان رمضان پروگرام" کے حوالے سے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ رمضان المبارک رحمت اور رحم کا مہینہ ہے اور دنیا بھر میں اسے عقیدت و احترام سے منایا جاتا ہے، لیکن پاکستان میں رمضان کی آمد کے ساتھ اشیاء کی قیمتیں بڑھا دی جاتی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ دنیا کے دیگر حصوں میں رمضان کی آمد پر خصوصی بچت کاؤنٹرز لگائے جاتے ہیں، اور مخیر حضرات مل کر اس ماہ میں اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہیں۔ انہوں نے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، پرائس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ اور "ستھرا پنجاب" کو اس کام میں اپنا حصہ ڈالنے کی ہدایت دی۔
مریم نواز نے کہا کہ رمضان میں عوام کو لائنوں میں کھڑا کر کے راشن دینے کی بجائے اس سال کوشش ہے کہ مستحق افراد تک امداد خود پہنچائی جائے۔ اس مقصد کے لیے تقریباً 40 لاکھ خاندانوں کو رمضان نگہبان کارڈ دیے جا رہے ہیں، جن میں سے 4 لاکھ کارڈ تقسیم ہو چکے ہیں۔ اس کارڈ کے ذریعے مستحق افراد 10 ہزار روپے کا راشن خرید سکیں گے اور یہ اے ٹی ایم مشینوں سے بھی نکالا جا سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اس بات پر زور دیا کہ اگر کوئی کریانہ اسٹور اضافی پیسے مانگے تو فوراً شکایت درج کرائیں، اور پنجاب پولیس اس پر فوری کارروائی کرے گی۔ مزید یہ کہ سہولت بازاروں میں بھی رمضان نگہبان کارڈ کے ذریعے خریداری کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ رمضان کے دوران مسیحی بھائیوں کے روزے بھی ہمارے ساتھ شروع ہو رہے ہیں، اور انہیں بھی 10 ہزار روپے دیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور پیرا فورس کے اہلکار پورے پنجاب میں پرائس کنٹرول کی نگرانی کریں گے۔
اس کے علاوہ، وزیراعلیٰ نے رمضان کے دوران مخیر حضرات سے تعاون کی اپیل کی اور کہا کہ وہ غریبوں اور مساکین کی خدمت کریں۔ اس کے لیے پنجاب حکومت 147 تحصیلوں میں 300 دسترخوان لگانے کا انتظام کرے گی، جنہیں مخیر حضرات خود ترتیب دیں گے۔
پنجاب کی ثقافتی تہوار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ بسنت کے تہوار پر بہترین نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا گیا، اور ایسی مثال کبھی نہیں دیکھی گئی۔