لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے وژن کے مطابق پنجاب حکومت اس سال 47 ارب روپے کا تاریخی 'نگہبان رمضان پیکیج' دے رہی ہے، جس سے 42 لاکھ خاندان مستفید ہوں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 45 ہزار سے کم آمدن والے افراد اس پروگرام کا حصہ ہیں، جن کے کارڈز پرنٹ ہو چکے ہیں اور جلد ان تک پہنچا دیے جائیں گے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ گزشتہ سال 30 لاکھ خاندانوں کو ریلیف دیا گیا تھا مگر اس بار دائرہ کار بڑھا دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 5 فروری تک حکومت کے پاس تمام شہریوں کا ڈیٹا موجود ہوگا، جبکہ ہر تحصیل میں کم از کم 2 ہزار لوگ دسترخوان سے مستفید ہوں گے۔ اس کے علاوہ 30 اضلاع میں 65 سہولت بازار فعال کر دیے گئے ہیں جہاں اشیاء مارکیٹ سے 10 سے 15 روپے سستی ہوں گی۔