لاہور : پنجاب حکومت کی جانب سے مستحقین کے لیے 'رمضان نگہبان پیکج' کی تقسیم کا عمل کامیابی سے جاری ہے، جس کے تحت امداد براہِ راست حق داروں کی دہلیز پر پہنچائی جا رہی ہے۔ دوسری جانب، پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے خیبر پختونخوا حکومت کی ترجیحات کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے عوام دشمن قرار دے دیا ہے۔
پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر ہر مستحق کو میرٹ کی بنیاد پر اس کے گھر کے دروازے پر رمضان پیکج فراہم کیا جا رہا ہے، تاکہ شہریوں کی عزتِ نفس مجروح نہ ہو۔ سروے کے مطابق پنجاب بھر میں 42 لاکھ خاندانوں کو 'رمضان نگہبان کارڈز' جاری کیے جا رہے ہیں، جس سے شفافیت اور حق دار تک رسائی یقینی بنائی گئی ہے۔
وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت تاحال رمضان پیکج کا اعلان تک نہیں کر سکی۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ "کے پی حکومت کے لیے بانی کی آنکھ، دانت اور جیل میں ان کی آسائشیں زیادہ اہم ہیں۔"
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ کے پی حکومت کا سارا فوکس عوامی ریلیف کے بجائے 'رہائی فورس' کی تشکیل اور سیاسی فتنہ پھیلانے پر ہے۔
پنجاب بھر میں ضلعی انتظامیہ پیکج کی تقسیم کی نگرانی کر رہی ہے جبکہ وزیر اطلاعات کے مطابق خیبر پختونخوا میں عوام کو اس بابرکت مہینے میں ریلیف کے لیے تنہا چھوڑ دیا گیا ہے۔