لاہور: پنجاب حکومت کے رمضان نگہبان پیکج کے تحت اب تک 28 لاکھ 2 ہزار سے زائد شہریوں کو امدادی کارڈ تقسیم کر دیے گئے ہیں، جس سے حکومت نے اپنے 30 لاکھ کارڈز کے ہدف کا 95 فیصد حاصل کر لیا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب، عظمیٰ بخاری، نے بتایا کہ 90 فیصد سے زائد شہریوں نے کارڈ کے ذریعے امدادی رقم وصول کر لی ہے اور مجموعی طور پر 25.29 ملین روپے سے زیادہ شہریوں تک پہنچ چکی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ پنجاب بھر میں قائم 422 "مریم کے مہمان" افطاری دسترخوان روزانہ لاکھوں افراد کو افطاری فراہم کر رہے ہیں۔ کھانے کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے فوڈ سیفٹی کا عملہ بھی دسترخوانوں اور پکوان مراکز میں تعینات ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے ہر شہری کے گھر تک رمضان نگہبان کارڈ میرٹ کی بنیاد پر پہنچائے، اور مریم نواز کی قیادت میں عوامی افطاری کے اقدامات کو شفاف اور کامیاب قرار دیا۔