کولمبو: پاک بھارت ہائی وولٹیج میچ سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے جہاں حریف ٹیم کی تعریف کی، وہی اپنے مخصوص انداز میں جملے بازی سے ماحول کو گرما دیا۔
دونوں روایتی حریفوں کے درمیان میچ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر سوریا کمار کا کہنا تھا کہ "کوئی کتنا بھی بول لے کہ پاک بھارت میچ ایک نارمل میچ ہے، لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہوتا۔" انہوں نے شائقین اور میڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں کہا کہ "ہینڈ شیک (فتح کے بعد مصافحہ) کے لیے ابھی 24 گھنٹے انتظار کرلیں، فی الحال کھانا کھائیں اور سو جائیں، کل دیکھیں گے کیا ہوتا ہے۔
بھارتی کپتان نے پاکستانی بولنگ اٹیک، خاص طور پر سپنرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا پاکستان کا اسپن اٹیک بہترین ہے اور ان کے بولرز اچھی فارم میں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں کہ پاکستان اچھی بولنگ کر رہا ہے، لیکن ہمارے پاس انہیں کھیلنے کے لیے مکمل پلانز موجود ہیں۔ پاکستان کو کولمبو میں دو میچز کھیلنے کا تجربہ ہے، جس کا انہیں یقیناً فائدہ ہوگا۔
سوریا کمار یادیو نے ٹیم کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ابھیشیک شرما مکمل فٹ ہیں اور ٹیم کا ماحول بہت مثبت ہے۔ انہوں نے وکٹ کے حوالے سے کہا کہ "پچ اچھی لگ رہی ہے، امید ہے کہ شائقین کو ایک بہترین مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ ہم یہاں اچھی کرکٹ کھیلنے آئے ہیں اور میدان میں وہی کر کے دکھائیں گے۔ بھارتی کپتان کا یہ بیان ظاہر کرتا ہے کہ وہ میچ کے دباؤ کو ہلکا لینے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر پاکستانی بولنگ کے خطرے سے بھی بخوبی آگاہ ہیں۔