Get Alerts

ٹی20 کپتانی سے محرومی پر سوریا کمار یادیو کا اظہارِ مایوسی

ٹی20 کپتانی سے محرومی پر سوریا کمار یادیو کا اظہارِ مایوسی

ممبئی : بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹی20 کپتان سوریا کمار یادیو نے قیادت سے ہٹائے جانے اور حالیہ سکواڈ میں جگہ نہ ملنے کے بعد پہلی مرتبہ اپنے جذبات کا اظہار کردیا۔

ایک انٹرویو میں سوریا کمار یادیو نے کہا کہ وہ سلیکشن کمیٹی کے فیصلے سے غصے میں نہیں، تاہم اس پر انہیں ضرور مایوسی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے تقریباً دو برس تک کوئی ٹی20 سیریز نہیں گنوائی اور اس دوران ایشیا کپ اور ٹی20 ورلڈ کپ جیسے اہم ٹائٹلز بھی اپنے نام کیے، اس لیے اچانک قیادت میں تبدیلی کی ضرورت کیوں محسوس کی گئی، یہ سوال اب بھی ان کے ذہن میں ہے۔

سابق کپتان نے نئے قائد کے حوالے سے مثبت رویہ اپناتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باصلاحیت کرکٹر ہونے کے ساتھ اچھے انسان بھی ہیں۔ سوریا کمار نے امید ظاہر کی کہ نیا کپتان ٹیم کو مؤثر انداز میں آگے لے کر جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ قیادت سے متعلق فیصلہ کیے جانے سے صرف تین روز قبل انہیں اس بارے میں آگاہ کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق سلیکٹرز نے ان کی حالیہ کارکردگی اور فارم کو فیصلے کی اہم وجہ قرار دیا۔ بعد ازاں جب انہوں نے سکواڈ میں اپنا نام موجود نہیں دیکھا تو وہ صورتحال پر صرف مسکرا دیے۔

سوریا کمار کا کہنا تھا کہ وہ مشکل حالات میں بھی خود کو پرسکون رکھنے کی کوشش کرتے ہیں اور زندگی میں پیش آنے والی ہر صورتحال پر شکر گزار رہنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں توقع تھی کہ وہ اگلے دو سال تک بھارتی ٹیم کی قیادت کریں گے، کیونکہ اس عرصے میں اولمپکس اور ایک اور ٹی20 ورلڈ کپ جیسے بڑے عالمی مقابلے شیڈول تھے۔

سابق کپتان کے مطابق اس مشکل وقت میں ان کے اہلِ خانہ اور قریبی دوستوں نے ان کا حوصلہ بڑھایا اور انہیں یاد دلایا کہ اتار چڑھاؤ زندگی کا لازمی حصہ ہیں۔

سوریا کمار یادیو نے واضح کیا کہ وہ اس فیصلے کو ذاتی طور پر دل پر نہیں لے رہے اور اب ان کی توجہ مستقبل میں بہتر کارکردگی دکھانے پر مرکوز ہے۔

ٹیگز: