Get Alerts

امریکا اور شراکت دار ممالک نے قطر کے العدید ایئر بیس میں نیا ایئر ڈیفنس سیل قائم کر دیا

امریکا اور شراکت دار ممالک نے قطر کے العدید ایئر بیس میں نیا ایئر ڈیفنس سیل قائم کر دیا

دوحہ: امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے قطر کے العدید ایئر بیس میں علاقائی شراکت داروں کے تعاون سے نیا کوآرڈینیشن سیل قائم کر دیا ہے۔ اس سیل کا مقصد مشرقِ وسطیٰ میں فضائی اور میزائل دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

نیا سیل، جسے مڈل ایسٹ ایئر ڈیفنس – کمبائنڈ ڈیفنس آپریشنز سیل (MEAD-CDOC) کہا گیا ہے، قطر میں موجود کمبائنڈ ایئر آپریشنز سینٹر (CAOC) کے اندر قائم کیا گیا ہے۔ اس میں امریکا کے علاوہ علاقائی شراکت دار ممالک کے فوجی اہلکار بھی شامل ہوں گے۔

سینٹ کام کے مطابق، کمبائنڈ ایئر آپریشنز سینٹر تقریباً 20 سال قبل قائم کیا گیا تھا اور اس وقت اس میں 17 ممالک کے نمائندے خدمات انجام دے رہے تھے۔ نیا سیل فضائی اور میزائل دفاع کے شعبے میں علاقائی تعاون کو مؤثر بنانے، حساس معلومات کے تبادلے اور ممکنہ خطرات سے متعلق بروقت وارننگز فراہم کرنے کا کام کرے گا۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے خطے میں سکیورٹی تعاون کو فروغ ملے گا اور فضائی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت میں نمایاں بہتری آئے گی۔

ٹیگز: