ملک میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کا آغاز ہو چکا: سیکرٹری صحت خیبرپختونخواہ

ملک میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کا آغاز ہو چکا: سیکرٹری صحت خیبرپختونخواہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

پشاور: خیبر پختونخوا کے سیکرٹری صحت سید امتیاز حسین شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کا آغاز ہو چکا ہے جس کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری صحت خیبر پختونخوا سید امتیاز حسین شاہ نے کہا کہ کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے پیش نظر حفاظتی اقدامات یقینی بنا رہے ہیں، پاکستان میں برطانیہ، بھارت اور جنوبی افریقہ کی کورونا وائرس کی مختلف اقسام یہاں پائی گئی ہیں۔
سید امتیاز حسین شاہ کا کہنا ہے کہ پشاور میں گزشتہ 1 ہفتے کے دوران کورونا وائرس کے کیسز کی شرح میں معمولی اضافہ ہوا ہے اور عوام کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر نظر انداز کر رہے ہیں جس کے باعث صوبے بھر میں کورونا وائرس کی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔ 
خیبر پختونخوا کے سیکرٹری صحت نے مزید کہا ہے کہ عید الاضحی پر کورونا وائرس کی ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ عوام کو عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کی چوتھی لہر سے محفوظ رکھا جا سکے۔