خواتین کو بڑا ریلیف، بغیر محرم حج پر جا سکتی ہیں

 خواتین کو بڑا ریلیف، بغیر محرم حج پر جا سکتی ہیں

اسلام آباد: اسلامی نظریاتی کونسل نے خواتین کو محرم کے بغیر حج پر جانے کی مشروط اجازت دے دی ہے۔

وزارت مذہبی امور نےخواتین کے  محرم کے بغیر حج کے معاملے پر کونسل سے رائے طلب کی تھی۔

کونسل کی رائے میں فقہ جعفریہ، مالکی اور شافعی کے مطابق شریعت میں خاتون کے بغیر محرم کےحج کی گنجائش موجود ہے۔  کونسل کا کہنا ہےکہ وہ عورت بغیر محرم حج کیلئے جاسکتی ہے جس کے والدین یا شوہر اجازت دیں جب کہ فقہ حنفیہ اور فقہ حنبلی کے مطابق محرم میسر نہ ہونے پر عورت پرحج فرض نہیں، ایسی عورت جسے قابل اعتماد خواتین کی رفاقت حاصل ہو حج پر جاسکتی ہے۔

اس کے علاوہ  وہ عورت جسے سفر اور دوران کسی فساد یا خطرےکا اندیشہ نہ ہو وہ بغیرمحرم حج پر جاسکتی ہے، وہ عورت جس گروپ کے ہمراہ حج پر جائے اس کے بارے میں وزارت مذہبی امور چھان بین کرے، گروپ ممبران کے بارے میں اطمینان کر لینے کے بعد ہی عورت کو حج پر جانے کی اجازت دی جائے۔