تہران :ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اسرائیل کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے جنگ کا آغاز کر کے سنگین غلطی کی ہے، اور اب اُسے اس کے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ صہیونی ریاست کو بھاگنے نہیں دیا جائے گا اور اپنے جرائم کا خمیازہ ضرور بھگتنا پڑے گا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے قوم سے خطاب میں واضح کیا کہ ایرانی ردعمل ادھورا یا محدود نہیں ہوگا، بلکہ فیصلہ کن اور مکمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے شہداء کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔
سپریم لیڈر نے مزید کہا کہ ایرانی مسلح افواج مکمل طور پر تیار ہیں اور پوری قوم اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کے بقول، اسرائیل کے خلاف کارروائی صرف طاقت کے ذریعے ممکن ہے اور ایران صہیونی دہشت گردی کے خلاف کسی سمجھوتے کا قائل نہیں۔
آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ "ہمیں طاقت سے جواب دینا ہوگا، کیونکہ دشمن صرف طاقت کی زبان سمجھتا ہے۔ ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، نہ ہی اسرائیل کو فرار کا راستہ ملے گا۔"
ماہرین کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای کا یہ سخت موقف خطے میں جاری کشیدگی کو مزید بڑھا سکتا ہے اور ممکنہ طور پر اسرائیل کے خلاف ایران کے اگلے اقدامات کی بنیاد فراہم کر رہا ہے۔